سعودی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔ حکومتی عہدیدار

12

بلوچستان حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں، بشمول سعودی سرمایہ کاروں، کو بلوچستان میں مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔

یہ بیان پیر کے روز سعودی کاروباری برادری کی جانب سے بلوچستان میں توانائی، معدنیات اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی تجاویز پیش کیے جانے کے بعد سامنے آیا۔

سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے سربراہ شہزادہ منصور بن محمد السعود نے پیر کے روز بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کے نمائندے بھی شریک تھے۔

شہزادہ منصور بن محمد السعود ان دنوں دس رکنی وفد کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کے دورے پر ہیں۔ وفد میں سعودی عرب کے بڑے سرمایہ کار بھی شامل ہیں۔

بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پُرجوش ہے اور سرمایہ کاری کی تجاویز کا خیرمقدم کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت خود کو اس بات کا ذمہ دار سمجھتی ہے کہ سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور بلوچستان میں ان کی جانب سے استعمال کی جانے والی مشینری بھی محفوظ رہے۔

بلال خان کاکڑ نے سعودی وفد کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات تو جاری نہیں کیں، تاہم انہوں نے بتایا کہ سعودی سرمایہ کار لائیو اسٹاک، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری سے بلوچستان کے 20 ہزار ہنرمند افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ان منصوبوں پر جلد عملی کام شروع ہو جائے گا۔

بلال خان کاکڑ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی پروٹوکول مرتب کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر سرمایہ کار کمپنی اور اس کے اہلکاروں کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت پہلے ہی چین کے ساتھ سیندک منصوبے پر مل کر کام کر رہی ہے، جبکہ ریکوڈک میں بھی اربوں ڈالر کے بڑے منصوبے جاری ہیں۔

واضح رہے کہ سیندک اور ریکوڈک کے منصوبے سونے اور تانبے کی کان کنی سے متعلق ہیں۔ دونوں منصوبے ضلع چاغی میں واقع ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے خلاف بلوچ قوم پرست سیاسی اور مسلح تنظیموں کا مؤقف ہمیشہ سے مخالفانہ رہا ہے۔

بلوچ مسلح تنظیموں کا مؤقف ہے کہ ریکوڈک سمیت دیگر استحصالی منصوبوں کے ذریعے بلوچ وسائل کی لوٹ مار کی جا رہی ہے۔ وہ بلوچستان کے وسائل سے متعلق پاکستان کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہیں۔