کوئٹہ: وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیرِ اہتمام بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6415ویں روز بھی جاری رہا۔
اس موقع پر سلمان بلوچ کی ہمشیرہ سعدیہ بلوچ نے وی بی ایم پی سے رابطہ کرکے بتایا کہ ان کے بھائی سلمان بلوچ کو 13 نومبر 2022 کو کوئٹہ سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے بھائی کی بازیابی اور انصاف کے حصول کے لیے وہ مسلسل ملک کے آئینی و قانونی اداروں سے رجوع کرتی رہی ہیں، تاہم افسوس کہ اب تک کسی بھی ادارے نے انہیں انصاف فراہم کرنے یا ان کے بھائی کی بازیابی کے لیے مؤثر کردار ادا نہیں کیا۔ اس صورتِ حال کے باعث ان کا خاندان شدید اذیت اور ذہنی کرب کا شکار ہے۔
سعدیہ بلوچ نے اپنے بھائی کی باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ 13 نومبر کو سلمان بلوچ کی جبری گمشدگی کو چار سال مکمل ہوجائیں گے۔ اس مناسبت سے 14 نومبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر ایک آن لائن مہم چلائی جائے گی۔
انہوں نے تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بھرپور شرکت کریں اور سلمان بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے سعدیہ بلوچ کو یقین دہانی کرائی کہ تنظیم 14 نومبر کی آن لائن مہم میں بھرپور حصہ لے گی اور سلمان بلوچ کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر ممکن آئینی و قانونی فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
نصراللہ بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سلمان بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کی فوری اور باحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے۔ اگر کسی لاپتہ شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے منظرِ عام پر لاکر متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے اور آئین و قانون کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

















































