بلوچستان میں حکومتی رٹ ختم، سابق افغان اہلکاروں کی موجودگی پر تشویش، 19 نومبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

309

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں 11 سیاسی جماعتوں نے شرکت کی، جس میں بلوچستان کی ابتر امن و امان کی صورتحال، بڑھتی ہوئی بدامنی اور سابق افغان سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی غیر قانونی موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کانفرنس کے اعلامیے میں 19 نومبر کو بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور تمام مقامی پریس کلبز کے سامنے احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا گیا، جبکہ ان مسائل پر مزید غور و خوض کے لیے 26 نومبر کو دوبارہ آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کانفرنس کے بعد اے این پی بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے، عوام کے مسائل حل کرنے والا کوئی نہیں اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے ذمہ دار ادارے اور اہلکار خود عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان مسلح جتھوں کے حوالے ہو چکا ہے اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کا ریڈ زون بھی حکومتی رٹ سے محروم دکھائی دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بادشاہت پر سوال اٹھانے والوں کو غدار قرار دیا جاتا ہے، جبکہ عوام کے بنیادی مسائل اور امن و امان کی صورتحال پر بات کرنے والوں کی آواز دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

دوسری جانب قلعہ عبداللہ بار ایسوسی ایشن کے صدر حمید اللہ کاکڑ ایڈووکیٹ نے ساتھی وکلا کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرونی علاقوں سے مسلح عناصر کو لا کر مختلف مقامات پر آباد کرنے کے سلسلے کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چند روز قبل مسلح افراد نے ایک گاؤں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ ان کے مطابق قلعہ عبداللہ میں سابق افغان سکیورٹی فورسز کے بعض اہلکار مقامی شہریوں کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد انہیں اغوا کرنے، بھتہ وصول کرنے اور قتل جیسے سنگین جرائم میں مبینہ طور پر ملوث ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔

واضح رہے کہ دی بلوچستان پوسٹ نیوز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بھی مقامی رہائشیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ جن علاقوں میں سابق افغان سکیورٹی اہلکاروں کو آباد کیا گیا ہے، وہاں چوری، ڈکیتی اور منشیات کے استعمال جیسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث مقامی آبادی میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق، ان اہلکاروں کو سیاسی حمایت فراہم کرنے کے لیے پشتون آبادی والے علاقوں میں سیاسی جماعتوں پر دباؤ ڈالنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں، تاہم تاحال کسی سیاسی جماعت کی جانب سے اس عمل کی حمایت کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ذرائع کے مطابق، کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی، کچلاک اور سرانان میں سابق افغان سکیورٹی اہلکاروں کے مبینہ کیمپ تاحال موجود ہیں۔ اسی طرح زہری، زیدی، سلطان شہر اور خاران کے علاقے برشونکی میں فوجی آپریشنز کے دوران سابق افغان سکیورٹی اہلکاروں کو پاکستانی فورسز کے ساتھ دیکھے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

رواں سال خضدار میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی جانب سے حکومت کے حمایت یافتہ مسلح گروہ کے سربراہ شفیق مینگل کے ایک ٹھکانے پر حملے کے دوران بھی سابق افغان سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، شہریوں کے تحفظ اور مبینہ غیر قانونی مسلح عناصر کی موجودگی کے حوالے سے شفاف تحقیقات اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلے کے مطابق، 19 نومبر کو صوبہ گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جبکہ 26 نومبر کو آئندہ کے لائحہ عمل کے تعین کے لیے دوبارہ آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی۔