جنوبی ایشیا کے امور پر نظر رکھنے والے تجزیہ کار مائیکل کگلمین کا کہنا ہے کہ کانگریس پر ڈیموکریٹس کے متوقع کنٹرول کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے خاندان کے کاروباری معاملات کی جانچ پڑتال میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے اثرات ٹرمپ انتظامیہ کی تجارتی سفارت کاری پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک تبصرے میں مائیکل کگلمین نے کہا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو اس کے پاکستان کے لیے بھی منفی نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
ان کے بقول، ’جب ڈیموکریٹس کانگریس کا کنٹرول سنبھالیں گے تو ٹرمپ اور ان کے خاندان کے کاروباری معاملات پر نگرانی اور چھان بین میں اضافہ ہوگا، جو ان کی انتظامیہ کی تجارتی سفارت کاری کو متاثر کر سکتا ہے۔
کگلمین نے مزید کہا کہ ایسی صورت حال پاکستان کے لیے اچھی خبر نہیں ہوگی، کیونکہ پاکستان نے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ کاروباری اور تجارتی روابط پر خاصا انحصار کیا ہے۔

















































