بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں سوئی گیس کے بھاری، غیر منصفانہ اور مبینہ طور پر غلط بلوں کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے گیس کے زائد بلوں اور عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سمنگلی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
احتجاج کرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کے بلوں میں غیر معمولی اضافے اور مبینہ طور پر غلط ریڈنگ کے باعث گھریلو صارفین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان کے مطابق محدود آمدنی رکھنے والے افراد کے لیے ہزاروں اور لاکھوں روپے کے بل ادا کرنا ممکن نہیں۔
مظاہرین نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ بھاری اور غلط بلوں کا فوری نوٹس لیا جائے، بلوں کی شفاف طریقے سے جانچ پڑتال کی جائے اور ناجائز اضافی چارجز ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
احتجاج کے باعث سمنگلی روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔



















































