پسنی: پاکستانی فورسز نے شادی کور میں آبادی خالی کرادی، مکین نقل مکانی پر مجبور

0
فائل فوٹو

شادی کور کے علاقوں گورستانی اور تراتی سے لوگوں کو گھروں سے نکال دیا گیا، فورسز کی بڑے پیمانے پر پیش قدمی جاری۔

بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی سے اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے شادی کور کے علاقے گورستانی اور تراتی کی آبادیوں کو خالی کرا دیا ہے، جس کے باعث مقامی مکین نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی بڑی تعداد مذکورہ علاقوں میں پیش قدمی کررہی ہے، جبکہ مکینوں کو ان کے گھروں سے نکال کر مختلف مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

علاقے میں فورسز کی نقل و حرکت اور ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ شہ دنوں شادی کور کے علاقے میں پاکستانی فورسز پر ایک حملے میں میجر وجاہت سمیت 8 اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، بلوچ لبریشن آرمی “بی ایل اے” نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اسی طرح حالیہ دنوں میں بی ایل اے کے بحری یونٹ نے پسنی اور جیونی کی سمندری حدود میں پاکستانی کوسٹ گارڈز کو نشانہ بنایا تھا۔

دریں اثناء پاکستانی فورسز پر حملوں کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آبادیوں کو خالی کرنے کے احکامات بھی سامنے آئے ہیں، گزشتہ روز صوبائی وزیر داخلہ اور سیکریٹری داخلہ نے قلات کے علاقے شور پارود کے رہائشیوں کو 30 اکتوبر تک علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔

حکومتی مؤقف کے مطابق مذکورہ علاقوں میں بلوچ مسلح تنظیموں کے کیمپ موجود ہیں، جس کے باعث وہاں فوجی آپریشن کیے جارہے ہیں۔

تاہم شادی کور میں آبادی خالی کرانے اور مکینوں کی منتقلی کے حوالے سے حکام کا باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔