کوئٹہ: جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج جاری 

6

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ 6383ویں روز جاری، جہاں جبری لاپتہ بلال احمد نیچاری کے لواحقین نے شرکت کی۔

لواحقین کے مطابق بلال احمد نیچاری ولد منظور احمد کو 3 مئی 2026 کو کوئٹہ کے علاقے کلی خلی مغربی بائی پاس میں واقع ان کے گھر سے اہل خانہ کے سامنے پاکستانی فورسز نے تفتیش کے بہانے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ تاحال بلال کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ کمیشن آف انکوائری آن انفورسڈ ڈسپیئرنسز نے بلال احمد نیچاری کے کیس کو باقاعدہ نمبر الاٹ کرکے ان کی بازیابی کے لیے متعلقہ اداروں کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ وی بی ایم پی نے بلال نیچاری کا کیس پہلے ہی کمیشن اور حکومت کو فراہم کیا تھا۔

نصراللہ بلوچ نے امید ظاہر کی کہ کمیشن بلال احمد نیچاری سمیت دیگر جبری لاپتہ افراد کی بازیابی اور ان کے لواحقین کو ملکی قوانین کے تحت انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔