بھارتی اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں چل بسے

2

گوا: بھارت کے معروف اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں گوا میں چل بسے۔

بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ گوا میں اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے کے بعد 75 سالہ بالی ووڈ اداکار نانا پاٹیکر کا انتقال ہو گیا۔

نانا پاٹیکر، جن کا پیدائشی نام وشوناتھ پاٹیکر تھا، اپنے گھر پر بے ہوش پائے گئے اور انہیں صبح تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر ڈونا پاؤلا کے منی پال اسپتال لے جایا گیا، جہاں 45 منٹ تک مسلسل سی پی آر کی کوششوں کے باوجود انہیں ہوش میں نہ لایا جا سکا۔

منی پال اسپتال کے شعبۂ آنکولوجی کے سربراہ ڈاکٹر شیکھر سالکر نے کہا کہ ایک میڈیکو لیگل کیس درج کر لیا گیا ہے اور لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

پاٹیکر نے ہندی اور مراٹھی سنیما میں یادگار کام کیا۔ اس دوران انہوں نے 3 نیشنل فلم ایوارڈز، 4 فلم فیئر ایوارڈز اور 2 مہاراشٹر اسٹیٹ فلم ایوارڈز حاصل کیے۔ انہیں ہندوستانی سنیما کے بااثر ترین اداکاروں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا اور سنیما اور فنون کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں 2013 میں ’پدم شری‘ سے نوازا گیا تھا۔

انہوں نے 1978 میں ڈراما فلم ’گمن‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور اس کے بعد کئی مراٹھی اور ہندی فلموں میں اداکاری کی۔ 1988 میں اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی فلم ’سلام بمبئی!‘ میں کام کرنے کے بعد پاٹیکر نے کرائم ڈراما ’پرندہ‘ (1989) میں اپنی اداکاری کے لیے بہترین معاون اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔

انہوں نے فلم ’انگار‘ (1992) کے لیے پہلی بار بہترین ولن کا فلم فیئر ایوارڈ جیتا، جبکہ ’اپہرن‘ نے انہیں بہترین ولن کا دوسرا فلم فیئر ایوارڈ دلایا۔