خضدار، زہری: پاکستانی فورسز کی بمباری اور گھر پر حملہ، بچے سمیت 5 افراد جاں بحق، خاتون زخمی

156

دی بلوچستان نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق خضدار کے تحصیل وڈھ میں رات دس بجے ایف سی نے عزیز یار محمد گرگناڑی نامی ایک شخص کے گھر پر چھاپہ مارا اور اس دوران فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہوئی۔

علاوہ ازیں، زہری، بلبل میں گزشتہ روز بمباری کے نتیجے میں 13 سالہ بچہ شفیق ولد ابراہیم جاں بحق، جبکہ دس سے زائد بھیڑ بکریاں بھی ہلاک ہوئیں۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ سونارو پاٹ ندی، کلی یار محمد میں گزشتہ رات مبینہ طور پر ایف سی کی جانب سے شہری آبادی پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں چار بے گناہ، نہتے اور معصوم انسانوں کی شہادت اور خواتین و بچوں کے زخمی ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں نے گزشتہ رات سے کوئٹہ–کراچی شاہراہ بلاک کر رکھی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا اور خوف و ہراس کی فضا قائم کرنا انتہائی سنگین اور ناقابلِ قبول عمل ہے۔ فارم 47 کے حکمران اپنے سیاسی مفادات کے تحفظ کے لیے بلوچستان میں خون کی ہولی کھیل رہے ہیں اور سکیورٹی فورسز کو بے لگام چھوڑ دیا گیا ہے، جس سے عام شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں رہی۔ بلوچستان نیشنل پارٹی نے کہا کہ طاقت، تشدد اور خوف کے ذریعے بلوچستان کے عوام کو خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔ چار بے گناہ شہریوں کی شہادت اور خواتین و بچوں کا زخمی ہونا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پارٹی نے ملکی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کے لیے آواز بلند کریں اور بے گناہ شہریوں کی شہادت کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔