بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ آج 6355ویں روز بھی جاری رہا۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کمیشن نے رواں سال مئی میں ایف سی ڈگاری چیک پوسٹ، دشت، ضلع مستونگ سے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے محمد ریاض ساتکزئی کے کیس کو باقاعدہ نمبر الاٹ کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن نے محمد ریاض کی بازیابی کے لیے متعلقہ ملکی اداروں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے فوری جواب طلب کیا ہے۔ وی بی ایم پی نے محمد ریاض کا کیس کو 28 اگست کو کمیشن اور حکومت کو فراہم کر دیا تھا۔
نصراللہ بلوچ نے امید ظاہر کی کہ کمیشن محمد ریاض سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اپنے آئینی و قانونی اختیارات مؤثر انداز میں استعمال کرے گا اور متاثرہ خاندانوں کو طویل اذیت سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔


















































