یمنی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے پیر کی شب جاری اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ’یمنی فوج نے وسطی یمن کے صوبے البیضاء کے اوپر سعودی فوج کے ’ونگ لونگ ٹو‘ نامی مسلح جاسوس ڈرون کو مار گرایا ہے۔
یحییٰ سریع کے مطابق یہ ڈرون علاقے میں ’دشمن کی جانب سے نگرانی اور اہم مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے کارروائیاں‘ انجام دینے کی غرض سے علاقے پر پرواز کر رہا تھا کہ اسی دوران اسے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔‘
یمنی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ ’گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مار گرایا جانے والا یہ سعودی عرب کا تیسرا ڈرون ہے۔‘
یمنی مسلح افواج نے جولائی میں آبنائے باب المندب میں سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔ یمنی فورسز نے یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے یمن میں ان کے زیرِ قبضہ علاقوں کی ناکہ بندی کی مذمت کے بعد کیا تھا۔


















































