زامران: پاکستانی فورسز نے علاقے کے مکینوں کو بے دخل کر دیا

50

ضلع کیچ کی تحصیل زامران کی کئی آبادیوں کو پاکستانی فورسز نے بے دخل کر دیا۔

دی بلوچستان نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق زامران کے علاقے چُر اور گیشتردان کے رہائشیوں کو بے دخل کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں سخت سیکیورٹی اور نقل و حرکت پر پابندی کی وجہ سے مقامی آبادی اپنے آبائی علاقوں سے ہجرت کر رہی ہے۔

ایک مقامی شخص نے دی بلوچستان پوسٹ کو بتایا کہ پہلے ہمیں دو کلومیٹر پر روک دیا جاتا تھا، لیکن حالیہ چند مہینوں میں ہر ایک کلومیٹر پر سخت چیکنگ، گھروں میں راشن کی تفصیلات اور مغرب کے بعد بیماری کی صورت میں بلیدہ تک جانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ گھروں کے اوپر ڈرونز کی نگرانی کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے وہ اپنی جدی پشتی زمین کو خیر باد کہہ کر ہجرت پر مجبور ہیں۔

مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ زامران سے ہجرت کا فیصلہ ان کے لیے تکلیف دہ ہے، لیکن فورسز کی جانب سے انہیں بدترین جبر کا سامنا ہے۔ رہائشیوں نے بتایا کہ اس صورتحال میں انہوں نے علاقائی نمائندوں سے بات کی، لیکن وہ بے بس نظر آئے۔