مسلح افراد نے شہر کے مختلف مقامات پر کنٹرول حاصل کرتے ہوئے پولیس تھانے اور سرکاری املاک کو نشانہ بنایا، جبکہ پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔
بلوچستان کے علاقے پشین سے اطلاعات کے مطابق سرانان میں بلوچ آزادی پسندوں کی بڑی تعداد بھاری اسلحہ کے ساتھ شہر میں داخل ہوئی اور مختلف مقامات کا کنٹرول سنبھال لیا، اس دوران مسلح افراد نے پولیس تھانے سے اسلحہ ضبط کرنے کے بعد دھماکے کے ذریعے تھانے کو تباہ کردیا۔
شہر پر کنٹرول کے دوران نادرا آفس سمیت دیگر سرکاری دفاتر کو بھی نذرِ آتش کردیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق سرانان تھانے پر حملے سے قبل مسلح افراد نے وہاں موجود دو اہلکاروں کو بھی حراست میں لے لیا، جنہیں بعد ازاں رہا کردیا گیا، جبکہ تھانے میں موجود سرکاری اسلحہ اور دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
مسلح افراد شہر کے مختلف مقامات پر کئی گھنٹوں تک موجود رہے اور مقامی افراد سے گفتگو بھی کی۔
واضح رہے کہ بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں اس سے قبل بھی شہر کے گردونواح میں پاکستانی فورسز پر حملے کرتی رہی ہیں، تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔


















































