کوئٹہ: فائرنگ سے افغان فورسز کا سابق کمانڈر ہلاک

72

کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں سابق افغان حکومت کے فوجی اور قندھار کے مقامی کمانڈر ورور اچکزئی ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ورور اچکزئی سابق افغان حکومت کی سکیورٹی فورسز سے وابستہ رہے تھے اور اگست 2021 میں طالبان کے افغانستان پر برسر اقتدار آنے کے بعد ملک چھوڑ کربلوچستان آئے تھے، جہاں انہوں نے کوئٹہ میں سکونت اختیار کرلی تھی۔

کوئٹہ سے اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے انھیں اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا جب وہ کوئٹہ ہزار گنجی میں ایک دکان پر بیٹھے ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سابق افغان حکومت کے متعدد فوجی، سکیورٹی اہلکار اور مقامی کمانڈرز بلوچستان پہنچے تھے جنھیں بعد ازاں پاکستانی فورسز اور حکومت نے محفوظ ٹھکانے فراہم کئے۔

زرائع کے مطابق مذکورہ سابق افغان فوجیوں کو پاکستانی فورسز کی جانب سے افغان طالبان حکومت اور فورسز سمیت بلوچستان میں بلوچ آزادی پسندوں کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔

کوئٹہ میں گذشتہ دنوں افغان فورسز کے سابق اہلکاروں کے ایک ٹھکانے میں مبینہ آپسی لڑائی کی بھی اطلاعات ملی تھی، تاہم ورور اچکزئی کی ہلاکت کے محرکات اور حملہ آوروں کے بارے میں فوری طور پر مزید معلومات سامنے نہیں آسکیں ہیں۔