بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں مجموعی طور پر پانچ افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے، جبکہ ایک نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش بھی برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد کے گاؤں زور گڑھ، گوٹھ پیارو خان میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک خاتون اور ایک مرد کو قتل کردیا، جس کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا۔ ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔
ادھر دالبندین میں مبینہ طور پر ایک شخص نے اپنے چھوٹے بھائی محمد رفیق پر فائرنگ کرکے اسے شدید زخمی کردیا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے اورناچ میں رقم کے لین دین کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت خدا بخش ولد سفر خان اور اشفاق ولد خدا بخش کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں فدا حسین ولد خدا بخش اور ذریف ولد یار محمد شامل ہیں۔
مزید برآں، بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے چھپر توغو سے ایک نامعلوم شخص کی تشدد زدہ اور بوسیدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔ لاش کو شناخت اور ضروری کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال قلات منتقل کردیا گیا ہے۔


















































