نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں گدر، سوراب میں جیٹ طیاروں کے ذریعے بمباری اور درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام آبادی پر آپریشن اور بمباری ظلم و جبر کی انتہا اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ عام شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ بے گناہ شہریوں کو کسی جرم کے بغیر سزا دینا اور انہیں خوف و ہراس میں مبتلا کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ طاقت کا استعمال اپنے ہی شہریوں کے خلاف مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید پیچیدہ اور سنگین بناتا ہے۔
بیان میں کہاگیا کہ نیشنل پارٹی نے روزِ اول سے واضح کیا ہے کہ طاقت کا استعمال بلوچستان کے مسائل کا حل نہیں، بلکہ اس سے مزید بداعتمادی اور تشدد کو جنم ملتا ہے۔ بلوچستان کے مسائل کا حل طاقت نہیں بلکہ سیاسی مکالمہ، آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے احترام میں مضمر ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ حکومت سوراب میں فوری طور پر آپریشن اور بمباری کا سلسلہ بند کرے، شہری آبادی کے تحفظ کو یقینی بنائے اور زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔


















































