آئی ایس پی آر کا سوراب و مستونگ میں 10 مسلح افراد مارنے اور دو مبینہ خواتین خودکش حملہ آوروں کی گرفتاری کا دعویٰ

94

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ اور سوراب میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 10 مسلح افراد کو مار دیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے دعوے کے مطابق 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی گئیں جن میں 10 مسلح افراد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا دعویٰ ہے کہ فورسز نے مسلح تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جہاں ضلع سوراب میں 7 مسلح افراد مارے گئے، جبکہ مستونگ میں 3 افراد مارے گئے اور دو خواتین خودکش بمباروں سمیت ان کے ایک سہولت کار کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ان ٹھکانوں سے گولہ بارود اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جبکہ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی فورسز کی جانب سے اس طرح کے دعوے پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں، جہاں پہلے سے زیرِ حراست جبری گمشدگی کے شکار افراد کو قتل کرکے مسلح تنظیموں سے تعلق کا الزام لگایا جاتا رہا ہے، جبکہ جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والی خواتین کو خودکش بمبار ظاہر کرکے گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

رواں سال بلوچستان سے جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والی متعدد خواتین کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنانے کے بعد مبینہ خودکش حملہ آور ظاہر کرکے میڈیا ٹرائل بھی کیا گیا ہے، تاہم بعد ازاں متعدد خواتین عدالتوں سے بازیاب ہو گئیں۔

پاکستانی فوج کے حالیہ دعووں، جن میں مسلح تنظیم کے ارکان کو مارنے کا دعویٰ کیا گیا ہے کی بلوچ آزادی پسندوں کی جانب سے تاحال تصدیق سامنے نہیں آ سکی ہے۔