مستونگ: کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ملانے والا ایک اور پل تباہ، ٹریفک کی روانی معطل

98

مسلح افراد نے پل کو بارودی مواد نصب کرکے دھماکے سے تباہ کردیا، کوئٹہ کراچی شاہراہ بند۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ، انجیری کراس کے قریب کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ پر قائم پل کو نامعلوم مسلح افراد نے بارودی مواد نصب کرکے دھماکے سے تباہ کردیا ہے۔

دھماکے کے باعث پل کو جزوی نقصان پہنچا، جبکہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوکر رہ گئی ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں مذکورہ سڑک پر قائم متعدد پلوں کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں نشانہ بنایا گیا ہے، جہاں اس سے قبل سوراب، قلات اور خضدار میں مسلح افراد نے پلوں کو تباہ کیا۔

حالیہ حملوں کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کی جانب سے قبول کی جاتی رہی ہے، تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔