کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ پر پاکستانی فوج کے متعدد گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلے کو مسلح افراد نے حملے کا نشانہ بنایا۔
بدھ کے روز بلوچستان کے علاقے بیلہ، والپٹ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر سفر کرنے والے پاکستانی فورسز کے ایک قافلے پر گھات لگائے مسلح افراد نے شدید حملہ کیا۔
گھات لگائے مسلح افراد نے فوجی قافلے پر راکٹوں اور دیگر خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ حملہ آوروں ہلاک اہلکاروں کا اسلحہ بھی اپنی تحویل میں لیا۔
پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے راولپنڈی میں ایک پریس بریفنگ کے دوران حملے کی تصدیق کی ہے۔ جہاں انہوں نے بیلہ کے قریب حملے میں ایک آفیسر سمیت 11 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بیلہ اور وندر کے علاقے میں پاکستان فوج کے ایک قافلے کا بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے جنگجوؤں کے ساتھ آمنا سامنا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ قافلے پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 11 فوجی ہلاک ہوئے، جبکہ انہوں نے بی ایل اے کے 14 جنگجوؤں کو مارنے کا دعویٰ بھی کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے گزشتہ روز زیارت اور ہنہ اوڑک میں ہونے والے حملوں کی بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رواں ہفتے بلوچستان میں ہونے والے حملوں میں مجموعی طور پر 42 فورسز اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔


















































