فیفا ورلڈ کپ کے گروپ جی کے میچ میں مصر نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 1-3 سے شکست دے دی اور گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
میچ کے آغاز میں نیوزی لینڈ نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 15ویں منٹ میں گول کر کے برتری حاصل کر لی۔ تاہم دوسرے ہاف میں مصری ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
مصر کی جانب سے 58ویں منٹ میں مصطفیٰ زیکو نے گول کر کے مقابلہ برابر کیا، جبکہ اسٹار فارورڈ محمد صلاح نے 67ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ میچ کے اختتامی لمحات میں ٹریزیگوئے نے ایک اور گول کر کے مصر کی فتح یقینی بنا دی۔
اس کامیابی کے بعد مصر نے چار پوائنٹس کے ساتھ گروپ جی میں پہلی پوزیشن سنبھال لی۔
دوسری جانب گروپ ایچ کے میچ میں اسپین نے سعودی عرب کے خلاف یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-4 سے کامیابی حاصل کی۔
ادھر لاس اینجلس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک اور مقابلے میں ایران اور بیلجیئم کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور میچ بغیر کسی گول کے برابر ختم ہوا۔
ایک اور میچ میں کیپ ورڈی نے ایک مرتبہ پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق عالمی چیمپئن یوراگوئے کے خلاف 2-2 سے ڈرا کھیل لیا۔ کیپ ورڈی نے مضبوط حریف کے سامنے بھرپور مزاحمت دکھائی اور قیمتی ایک پوائنٹ اپنے نام کیا۔


















































