فیفا ورلڈ کپ: اسکاٹ لینڈ، آسٹریلیا کی فتوحات، برازیل اور مراکش کا میچ برابر

54

فیفا ورلڈ کپ کے تیسرے روز کھیلے گئے مقابلوں میں دلچسپ اور سنسنی خیز معرکے دیکھنے میں آئے، جہاں اسکاٹ لینڈ اور آسٹریلیا نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ برازیل اور مراکش کے درمیان مقابلہ برابر رہا۔

تیسرے روز کے تیسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹی کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول جان میکگن نے اسکور کیا۔

واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ کی قومی ٹیم 28 برس کے طویل وقفے کے بعد فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کر رہی ہے اور اس کامیابی نے ٹیم کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں۔

دوسری جانب تیسرے روز کے پہلے میچ میں سوئٹزرلینڈ اور قطر کے درمیان سخت مقابلہ ہوا جو ایک، ایک گول سے برابر رہا۔

تیسرے روز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے ترکیہ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو صفر سے کامیابی حاصل کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے پہلا گول نیسٹوری نے میچ کے 27ویں منٹ میں کیا، جبکہ دوسرا گول میٹ کاف نے 75ویں منٹ میں اسکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔

ادھر گروپ سی کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں برازیل اور مراکش کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔

نیویارک، نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے میں مراکش کی جانب سے اسماعیل صیباری نے 21ویں منٹ میں گول اسکور کیا، جبکہ برازیل کے لیے وینی سیئس جونیئر نے 32ویں منٹ میں گیند جال کی نذر کر کے میچ برابر کر دیا۔

ورلڈ کپ کے تیسرے روز کے یہ مقابلے شائقینِ فٹبال کے لیے بھرپور سنسنی اور دلچسپی کا باعث بنے، جبکہ گروپ مرحلے میں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے جاری ہیں۔