فیفا ورلڈ کپ: میکسیکو، فرانس اور ناروے نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

1

فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 کے مقابلوں میں میکسیکو، فرانس اور ناروے نے اپنے اپنے میچ جیت کر پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

میکسیکو نے ایکواڈور کو 2-0 سے شکست دی۔ میکسیکو کی جانب سے کوئی نوننس نے پہلا جبکہ ہیمی نینس نے دوسرا گول اسکور کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ میکسیکو نے 40 برس بعد ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کی۔

ایک اور میچ میں فرانس نے سوئیڈن کو 3-0 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔ نیویارک میں کھیلے گئے مقابلے میں فرانس نے ابتدا ہی سے حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا اور متعدد خطرناک حملے کیے۔

پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں اسٹار فارورڈ ایم باپے نے 45ویں منٹ میں گول کر کے فرانس کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف میں بارکولا نے 53ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کیا، جبکہ ایم باپے نے 74ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کر کے فتح یقینی بنا دی۔ اس کامیابی کے بعد پری کوارٹر فائنل میں فرانس کا مقابلہ پیراگوئے سے ہوگا۔

ادھر ڈیلاس فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک اور راؤنڈ آف 32 کے میچ میں ناروے نے آئیوری کوسٹ کو 2-1 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ناروے کی جانب سے پہلا گول انتونیو نووا نے کیا، جس کے باعث پہلے ہاف کے اختتام تک ٹیم کو 1-0 کی برتری حاصل رہی۔ دوسرے ہاف میں آئیوری کوسٹ کے ڈیالو نے 74ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا، تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں ایئرلنگ ہالینڈ نے فیصلہ کن گول کر کے ناروے کو 2-1 سے کامیابی دلا دی۔