فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 کے دلچسپ مقابلوں میں مصر، ارجنٹینا اور کولمبیا نے اپنے اپنے میچز جیت کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
مصر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں رسائی حاصل کی۔
ڈیلاس میں کھیلے گئے میچ میں مصر نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور 13ویں منٹ میں امام عاشور نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک مصر کو ایک صفر کی سبقت حاصل رہی۔
دوسرے ہاف کے 55ویں منٹ میں محمد ہانی کی بدقسمتی سے ہونے والے خود ساختہ (اون گول) کے باعث آسٹریلیا نے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔ مقررہ وقت اور اس کے بعد اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول نہ کرسکیں، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں آسٹریلیا کے ساؤٹار اور ہیرنگٹن اپنی پنالٹیز پر گول نہ کرسکے، جبکہ مصر نے چاروں پنالٹیز کامیابی سے تبدیل کرکے فتح اپنے نام کر لی۔
دوسرے میچ میں ارجنٹینا نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی کیپ ورڈی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
ارجنٹینا کو ابتدا میں لیونل میسی کے گول کی بدولت برتری حاصل ہوئی، تاہم 59ویں منٹ میں ڈوآرٹے نے کیپ ورڈی کے لیے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔ مقررہ وقت ایک، ایک گول سے برابر ختم ہونے کے بعد اضافی وقت میں لیسانڈرو مارٹینیز نے 92ویں منٹ میں گول کرکے ارجنٹینا کو دوبارہ برتری دلائی۔
کیپ ورڈی کے سڈنی کیبریل نے شاندار گول کرکے ایک بار پھر مقابلہ دو، دو سے برابر کر دیا، تاہم اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں ڈنی بورگس کے اون گول نے ارجنٹینا کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔ اس کے بعد کیپ ورڈی کی تمام کوششیں ناکام رہیں اور ارجنٹینا نے 2-3 سے کامیابی حاصل کر لی۔
پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ 7 جولائی کو مصر سے ہوگا۔
ادھر کولمبیا نے گھانا کو ایک صفر سے شکست دے کر آخری 16 مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔
میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول 14ویں منٹ میں جون آریاس نے لوئس سواریز کے شاندار کراس پر کیا۔ اس سے قبل کولمبیا کے اسٹرائیکر جون کورڈوبا انجری کے باعث میدان چھوڑ گئے، جبکہ گھانا کے دفاعی کھلاڑی مارون سینایا بھی ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے۔
کولمبیا نے پورے میچ میں مسلسل دباؤ برقرار رکھا، تاہم گھانا کے گول کیپر لارنس زیگی نے متعدد شاندار سیوز کرکے اپنی ٹیم کو مزید نقصان سے بچایا۔ کولمبیا کے لوئس ڈیاز کا ایک گول آف سائیڈ قرار پایا جبکہ کئی دیگر مواقع بھی ضائع ہوئے۔
دوسری جانب گھانا کی ٹیم پورے میچ میں ایک بھی شاٹ ہدف پر نہ لگا سکی۔ اس کامیابی کے بعد کولمبیا کا اگلا مقابلہ سوئٹزرلینڈ سے ہوگا۔


















































