کوئٹہ: سرکاری ملازم نے بیوی، 4 بچوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی

93

خودکشی کرنے والے شخص نے واقعے سے قبل ایک ویڈیو پیغام میں الزام عائد کیا کہ کچھ لوگ ان کے مکان پر قبضہ کرنے کی کوشش کے علاوہ انہیں پریشان کر رہے ہیں۔

کوئٹہ میں پیر کو ایک شخص نے اپنی اہلیہ اور چار کمسن بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔

واقعے میں مجموعی طور چھ افراد جان سے گئے۔ مرنے والے بچوں کی عمریں 12،13،14 اور چھ سال بتائی گئی ہیں۔

واقعہ سہ پیر تین بجے کے قریب وحدت کالونی میں پیش آیا۔ مرنے والے شخص کی شناخت محمد آصف کے نام سے ہوئی جو سیکرٹریٹ میں ملازم تھے۔

آصف نے خود کشی اور اہل خانہ کو قتل کرنے سے قبل ایک وڈیو پیغام میں دو سرکاری ملازمین سمیت کچھ افراد کا نام لے کر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ افراد ان کے گھر پر قبضہ کرنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ مختلف طریقوں سے تنگ کر رہے ہیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

آصف کے ایک رشتہ دار حاتم نے بتایا کہ آصف نے واقعے سے کچھ دیر قبل انہیں فون کر کے بتایا تھا کہ کچھ لوگوں نے انہیں تنگ کر رکھا ہے اور وہ بہت پریشان ہیں۔

حاتم کے مطابق آصف نے کہا کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے جا رہے ہیں جس کے بعد حاتم نے اپنے والد کو فون کیا جو کچھ دیر میں گھر پہنچے اور آصف کے دروازے نہ کھولنے پر پولیس کو مطلع کر دیا، جس نے گھر سے لاشیں برآمد کر لیں۔