کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس سروس منسوخ کردی گئی۔
ریلوے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرین سروس ٹیکنیکل وجوہات کی بناء پر منسوخ کی گئی ہے، ٹرین سروس عید کے پہلے روز سے معطل ہے جبکہ پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب سے واپس کردیا جائے گا۔
حکام کے مطابق کراچی کے لیے بولان میل اور چمن پسنجر ٹرین پہلے ہی معطل ہیں۔
خیال رہے رواں ہفتے کوئٹہ میں شٹل ٹرین پر حملے کے بعد ریلوے سروس سیکورٹی وجوہات کے باعث معطل ہے۔
چوبیس مئی کو کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے مقام پر تین بوگیوں پر مشتمل شٹل ٹرین کو بلوچ لبریشن آرمی کی مجید برگیڈ نے اس وقت دھماکے میں نشانہ بنایا جب وہ کینٹ سے پاکستانی فورسز کے سینکڑوں اہلکاروں کو ریلوے اسٹیشن پہنچا رہی تھی۔
عید کے موقع پر ریلوے سروس کی بندش سمیت حکام نے دفعہ 144 نافذ کرکے پکنک پوائنٹس پر جانے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
بلوچستان حکومت نے بلوچستان بھر میں دفعہ 144کے تحت ائیر پورٹس، ائیر بیس اور حساس تنصیبات کے قریب کبوتر پالنے اور اڑانے، لیزز لائٹس کے استعمال، گوشت، آلائش اور کھالیں پھینکے اور ڈرون کے اڑانے پر پابندی عائد کردی۔
















































