بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ، ریلوے سروسز معطل

30

حکومت نے ڈبل سواری اور جلسے جلوسوں پر ایک ماہ کی پابندی عائد کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے اندرونِ ملک کے لیے ٹرین سروس ناگزیر وجوہات کی بنا پر دو روز کے لیے معطل کر دی گئی ہے، جبکہ 18 اور 19 مئی کو پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

محکمہ ریلوے نے ناگزیر وجوہات کے باعث بلوچستان سے ٹرین سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو 18 اور 19 مئی کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس دو دن تک جیکب آباد تک محدود رہے گی، جبکہ کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد سے واپس روانہ کر دیا جائے گا۔

ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے کراچی کے لیے بولان میل اور چمن کے لیے چمن پسنجر پہلے ہی معطل ہیں۔

مزید برآں بلوچستان حکومت نے ایک ماہ کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

حکام کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ہتھیاروں کی نمائش یا استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈبل سواری، گاڑیوں پر سیاہ شیشے، غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں، پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے اجتماعات (دھرنوں، جلوسوں یا ریلیوں) اور عوامی مقامات پر چہرے ڈھانپنے پر بھی پابندی ہوگی۔