نوشکی: کرفیو میں توسیع، شہر میں دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان

31

نوشکی میں پاکستانی فورسز پر مہلک حملوں کے واقعات میں اضافے کے بعد شہر گزشتہ ایک ہفتے سے کرفیو کی زد میں ہے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع نوشکی میں کرفیو روزانہ شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا، جبکہ اس دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ مدت کے دوران ضلع نوشکی میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 بھی نافذ رہے گی، جس کے تحت عوامی اجتماعات، جلوسوں اور چار سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد ہوگی۔

حکام کے مطابق اس دوران مخصوص افراد کو کرفیو پاس جاری کیے جائیں گے، جنہیں پابندی سے استثنا حاصل ہوگا، جبکہ شہر میں سیکیورٹی گشت معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

حکام کو کرفیو کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نوشکی میں پاکستانی فورسز پر مہلک حملوں اور بلوچستان سے پاکستان کے دیگر شہروں کو معدنیات لے جانے والی گاڑیوں پر حملوں کے بعد حکام نے 31 جولائی تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کی مدت میں اب مزید توسیع کر دی گئی ہے۔

مزید برآں، بلوچستان کے علاقوں کھڈکوچہ اور زہری بھی گزشتہ کئی روز سے کرفیو کی زد میں ہیں، جبکہ پاکستانی فورسز نے شہری نگرانی سرویلنس مزید بڑھا دی ہے۔