ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں یکم اپریل سے 14 اپریل تک ڈینگی وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے دوران مجموعی طور پر 842 سیمپلز کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 92 کیسز مثبت آئے ہیں۔
ٹیچنگ ہسپتال تربت کے اعداد و شمار کے مطابق یکم اپریل کو 32 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں 5 کیسز مثبت رپورٹ ہوئے۔ 6 اپریل کو 94 ٹیسٹ میں 4، 7 اپریل کو 105 میں 10، 8 اپریل کو 114 میں 14، 9 اپریل کو 95 میں 9، 10 اپریل کو 84 میں 12، 11 اپریل کو 103 میں 15، 13 اپریل کو 101 میں 10 اور 14 اپریل کو 114 سیمپلز میں 13 کیسز کی تصدیق ہوئی۔
طبی ماہرین کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر کیسز میں یہ اضافہ اس بات کی واضح نشاندہی کرتا ہے کہ شہر میں ڈینگی مچھر کی افزائش پر مؤثر کنٹرول نہیں ہو سکا۔ صورتحال کے باعث شہریوں میں تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت اور متعلقہ حکومتی ادارے انسدادِ ڈینگی اقدامات میں مطلوبہ سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے، جس کے باعث لوگ مایوسی کا شکار ہیں۔
ماہرین صحت نے زور دیا ہے کہ فوری طور پر اسپرے مہم، صفائی کے نظام میں بہتری اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

















































