سوراب: پاکستانی فورسز نے بچوں کے اسکول کو چوکی میں تبدیل کردیا

62

پاکستانی فورسز سوراب کے مختلف مقامات پر مکینوں کو نقل مکانی پر مجبور کررہی ہیں، مکینوں کی شکایت

بلوچستان کا علاقہ سوراب گزشتہ دنوں سے بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کی زد میں ہے، جہاں پاکستانی فورسز نے گزشتہ روز ایف سی کیمپ کے قریب علاقے کے مکینوں کو علاقہ خالی کرنے کی دھمکی دی تھی۔

اطلاعات کے مطابق اس دوران پاکستانی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے پچیس سے زائد افراد کو تحویل میں لے کر اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

ادھر سوراب کے علاقے گدر سے ملنے والی نئی اطلاعات کے مطابق، پاکستانی فورسز نے بچوں کے ایک اسکول کو چوکی میں تبدیل کر دیا ہے، جس کے باعث بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں۔

سوراب میں پاکستانی فورسز کی کارروائیوں سے تنگ شہریوں نے گزشتہ روز کہا تھا کہ انہیں اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستانی فورسز کی جانب سے خالی گھروں اور اسکولوں کو بطور فوجی کیمپ استعمال کرنے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، جہاں زہری میں پاکستانی فورسز نے مقامی سول اسپتال، جبکہ مند میں بیرونِ ملک مقیم ایک خاندان کے گھر کو کیمپ میں تبدیل کردیا تھا۔

مند میں گھر پر قبضہ اور اسے کیمپ میں تبدیل کیے جانے کے خلاف اہلِ علاقہ اور گھر کے مالکان نے کئی روز تک مند، تربت شاہراہ پر دھرنا دیا تھا۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز آبادی کے اندر کیمپ قائم کر کے لوگوں کو حراساں کرتی ہیں، جہاں رات کے اوقات میں ڈرون اُڑا کر نگرانی کی جاتی ہے، جس سے مکین شدید مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔