نوشکی، نصیر آباد: ٹاور اور دو ریلوے ٹریک دھماکوں میں تباہ

0

نامعلوم افراد نے پنجاب جانے والی بجلی کے ٹاورز اور ریلوے ٹریک کو دھماکوں سے نقصان پہنچایا ہے۔

بلوچستان کے ضلع نوشکی سے موصول اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے نوشکی کے دو مختلف علاقوں احمدوالد اور گومازی کے قریب الگ الگ مقامات پر ریلوے ٹریکس کو دھماکوں سے تباہ کردیا۔

واقعے کے بعد مذکورہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کردی گئی ہے۔

ادھر بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی کے قریب پنجاب جانے والی بجلی کے مرکزی ٹاورز کو بھی دھماکوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو ٹاور زمین بوس جبکہ مجموعی طور پر پانچ ٹاور متاثر ہوئے ہیں۔

اس سے قبل سبی کے قریب بھی نامعلوم افراد نے تین بجلی کے ٹاورز کو تباہ کردیا تھا۔

مذکورہ علاقوں میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں، جو اس نوعیت کے حملوں میں ملوث رہے ہیں اور ایسے واقعات کی ذمہ داری بھی قبول کرتے رہے ہیں، تاہم ان حالیہ حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔