بلوچستان بھر میں ایک بار پھر سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹرین سروس معطل

17

بلوچستان میں 27 مارچ کو متوقع سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بلوچستان بھر میں ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے، جبکہ تعلیمی ادارے پہلے ہی 31 مارچ تک بند کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان ریلویز کے مطابق 27 مارچ کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس روانہ نہیں ہوگی، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد سے واپس کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل اور چمن پسنجر ٹرین پہلے ہی معطل کی جا چکی ہیں۔

واضح رہے کہ 27 مارچ کو بلوچ قوم یومِ قبضہ کے طور پر مناتے ہیں ۔ ماضی میں اس دن سمیت دیگر مواقع پر بھی مسلح کارروائیوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، جس کے باعث سیکیورٹی ادارے اس موقع پر ہائی الرٹ رہتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے ایک حملے کے دوران کوئٹہ سے پشاور بذریعہ لاہور جانے والی جعفر ایکسپریس کو کئی روز تک اپنے قبضے میں رکھنے اور اس دوران 200 سے زائد پاکستانی فورسز اہلکاروں کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا۔