مستونگ: ماہ رنگ بلوچ کی تقریر سوشل پر اپلوڈ کرنے پر صحافی کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج 

0

سی ٹی ڈی کی جانب سے صحافی نیاز بلوچ پر ماہ رنگ بلوچ کے ریاست مخالف تقریر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کا مقدمہ دردج کرلیا گیا ہے۔

نوجوان صحافی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی ویڈیو پوسٹ کرنے پر سی ٹی ڈی کی جانب سے مجھ پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے میں ایک طالب علم ہوں میرے والد ایک بس ڈرائیور ہیں جبکہ میرے چھوٹے بہن بھائی یونیورسٹی اور کالج میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ 

نیاز بلوچ نے کہا میں اور میرا خاندان گزشتہ دو سالوں سے ریاستی بے تحاشا ظلم، جبر اور سختیوں کا سامنا صرف اس لیے کررہے ہیں کہ میرا قلم مظلوم و محکوم بلوچ قوم کے لیے چلتا ہے حالانکہ میرا قلم آج تک کبھی بھی ریاستی معتبر اداروں، جرنیلوں، کرنلوں یا حکمرانوں کے خلاف استعمال نہیں ہوا اس کے باوجود میں گزشتہ دو برسوں سے ریاستی جبر اور بغض پر مبنی مقدمات کا سامنا کرنے پر مجبور ہوں۔

انہوں نے کہا میں نے بڑی مشکل سے اپنی ضمانت کروائی اور اس مقدمے کا سامنا کیا، مستونگ کے سیشن کورٹ میں ایڈووکیٹ چیف عطاء اللہ اور ایڈووکیٹ نجیب شاہوانی نے کئی پیشیوں پر میرا کیس لڑا اب اس مقدمے کو مستونگ سے منتقل کر کے کوئٹہ کے سیشن کورٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

صحافی نیاز بلوچ نے اس موقع پر کہا ہے میں ایک طالب علم ہوں اور میری مالی حالت ایسی نہیں کہ میں اتنا بڑا اور سنگین مقدمہ اکیلا لڑ سکوں اسی لیے میں بلوچستان کی وکلا برادری سے عاجزانہ گزارش کرتا ہوں کہ وہ اس مشکل وقت میں میرا ساتھ دیں اور اس مقدمے کو لڑنے میں میری مدد کریں۔