بلوچستان: مختلف علاقوں میں مختلف نوعیت کے حملے

1

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پولیس فورسز کو نشانہ بنانے کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔

پہلا واقعہ تربت میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے پولیس کی گشتی ٹیم پر حملہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق چوگان کنڈ کے قریب مسلح افراد نے پولیس گشتی ٹیم کو نشانہ بنایا اور ڈی ایس پی کی سرکاری گاڑی سمیت اسلحہ قبضے میں لے کر فرار ہوگئے۔

اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اسی دوران تربت شہر میں ایک اور واقعہ بھی رپورٹ ہوا۔ نمازِ عشاء کے وقت تربت ایئرپورٹ کے قریب زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی، تاہم اس دھماکے کی نوعیت اور اس کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے تاحال سرکاری سطح پر کوئی تصدیق یا وضاحت سامنے نہیں آئی۔

ادھر ایک اور واقعہ ضلع چاغی کے علاقے پدگ میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے پولیس کی ایک چوکی پر حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے پولیس وین اور ایک موٹر سائیکل کو آگ لگا دی، اسلحہ اپنے قبضے میں لیا ہے۔

ان واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔