حراست میں ڈاکٹر ماہ رنگ کی علالت پر تشویش، بلوچستان بار کونسل اور بی این پی کا فوری طبی سہولیات اور بنیادی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ

17

بلوچستان بار کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ ایک پاکستانی شہری ہیں، اور بطور شہری ان کی جان، صحت اور فلاح و بہبود کا تحفظ ریاست کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔ بیان میں حکومتِ بلوچستان پر زور دیا گیا کہ وہ فوری طور پر اس امر کو یقینی بنائے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو بروقت، مکمل اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

بیان کے مطابق، انہیں مستند اور ماہر ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کرایا جائے اور قانون کے مطابق تمام ضروری ادویات اور علاج مہیا کیا جائے۔ طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا انکار ان کے بنیادی انسانی حقوق، انصاف اور انسانیت کے اصولوں کے منافی ہوگا۔

بلوچستان بار کونسل نے واضح کیا کہ حراست میں موجود ہر فرد کی جان، صحت اور عزت کا تحفظ صوبائی حکام کی آئینی ذمہ داری ہے، خواہ اس پر الزامات کچھ بھی ہوں۔ ہر زیرِ حراست شخص کے ساتھ انسانی وقار اور احترام کے ساتھ سلوک کیا جانا لازم ہے۔

بار کونسل نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی صحت کی حالت کی باقاعدہ نگرانی کی جائے، انہیں اپنے اہلِ خانہ اور وکلاء سے باقاعدگی سے ملاقات کی اجازت دی جائے، اور ان کی طبی صورتحال سے متعلق مکمل شفافیت برقرار رکھی جائے۔

بیان میں حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے تمام بنیادی حقوق کے مکمل تحفظ کو یقینی بنائے، کیونکہ زندگی اور انسانی وقار کا تحفظ کوئی اختیار نہیں بلکہ ریاست پر عائد ایک بنیادی فرض ہے۔

بلوچستان بار کونسل نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اس معاملے پر فوری اور سنجیدہ اقدامات کریں گے۔

دریں اثنا، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی علالت کے باعث ہسپتال منتقلی کی خبر نہایت تشویشناک ہے۔ موجودہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ انہیں فوری طور پر اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر نہ برتی جائے۔ ان کی صحت اور جان کا تحفظ ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں مکمل اور شفاف طبی معائنہ یقینی بنایا جائے، علاج کی تمام تفصیلات اہلِ خانہ اور وکلاء کے ساتھ شیئر کی جائیں، اور انہیں درکار ادویات و سہولیات بلا تعطل فراہم کی جائیں۔

مزید برآں، انسانی ہمدردی اور آئینی و اخلاقی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی فوری رہائی کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ آزاد ماحول میں بہتر طبی نگہداشت حاصل کر سکیں۔ انسانی جان اور وقار کا احترام ہر حال میں مقدم ہونا چاہیے۔

بیان میں کہا گیا کہ متعلقہ ادارے اس حساس معاملے میں ذمہ داری، شفافیت اور انسان دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری اور مثبت اقدامات کریں۔