بلوچستان بار کونسل نے سوراب میں عام آبادی پر ہونے والی بمباری کے نتیجے میں 27 شہریوں کی ہلاکت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بلوچستان بار کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سوراب شہر اور گردونواح میں فضائی بمباری کے نتیجے میں 27 بے گناہ شہری جانبحق ہوئے، جن میں بڑی تعداد معصوم بچوں کی بتائی جاتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ معصوم شہریوں، بالخصوص بچوں کی ہلاکت ایک نہایت سنگین اور لرزہ خیز سانحہ ہے، بلوچستان بار کونسل اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اس واقعے کی غیر جانب دارانہ، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ بمباری کے اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
بار کونسل نے کہا کہ اگر تحقیقات کے نتیجے میں کسی غیر قانونی اقدام یا طاقت کے ناجائز استعمال کا تعین ہوتا ہے تو ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے، انسانی جانوں کا تحفظ ریاست اور تمام متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ شہریوں اور گھروں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ سوراب میں بے گناہ شہریوں کے قتل کے خلاف احتجاج اور شہداء کے خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بلوچستان بار کونسل نے صوبہ بھر میں ہڑتال اور عدالتوں میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
بلوچستان بار کونسل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری مدد اور مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے، جبکہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
















































