بارکھان، خضدار: مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے 14 افراد اغوا، تھانوں پر قبضہ

10

بلوچستان کے دو اضلاع خضدار اور بارکھان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو مختلف حملوں میں منصوبوں پر کام کرنے والے 14 افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔

پولیس کے مطابق خضدار کے علاقے مولہ میں ورلڈ بینک کی جانب سے زیرِ تعمیر واٹر چینل منصوبے پر کام کرنے والی ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔

حملہ آوروں نے کیمپ میں موجود ڈبل کیبن گاڑی میں 11 افراد کو زبردستی بٹھایا اور انہیں نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔

پولیس نے مغویوں کی شناخت پراجیکٹ منیجر گل شیر، غلام سرور، عبدالمالک بگٹی، مولانا بخش، محمد عرفان، اختیار و دیگر کے ناموں سے کی ہے، پولیس ذرائع کے مطابق مغویوں میں سے چھ کا تعلق سندھ جبکہ باقی مقامی شامل ہیں۔

مولہ پولیس نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ مسلح افراد نے مقامی تھانے پر بھی حملہ کیا جبکہ کئی گھنٹوں تک علاقے میں گشت کرنے بعد واپس چلے گئے۔

دوسری جانب بارکھان کے علاقے ڈھولا ندی کے قریب سڑک کی تعمیر پر کام کرنے والی نجی کمپنی کے کرش پلانٹ پر بھی 20 سے زائد مسلح افراد نے دھاوا بولتے ہوئے تین افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ہمراہ لے گئے۔

پولیس کے مطابق مغوی موسی خیل کے رہائشی ہیں، حملہ آوروں نے کرش پلانٹ سے کچھ فاصلے پر قائم پولیس چوکی پر بھی دھاوا بول کر اہلکاروں سے اسلحہ چھین لئے۔

دونوں واقعات کی مقامی پولیس انتظامیہ نے تصدیق کردی ہے، تاہم واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔