پاکستانی فورسز نے گھر گھر تلاشی کے دوران مکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ دو درجن کے قریب افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
نوشکی سے موصول اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے بڑی تعداد میں کلی مینگل و قادر آباد کے علاقوں کو گھیرے میں لے کر تلاشی کارروائی انجام دی، جس دوران متعدد گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی گئی اور مکینوں کو زد و کوب کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس آپریشن میں کم از کم بائیس افراد کو حراست میں لے کر فورسز اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر منتقل کرچکی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے نوشکی کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن جاری ہے، جس میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
نوشکی میں بلوچ لبریشن آرمی کے حملوں اور چھ روز تک شہر پر کنٹرول کے بعد پاکستانی فورسز نے آبادی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی ہیں، جن میں گھروں کی تباہی کی ویڈیوز بھی سامنے آچکی ہیں۔
آج حراست کے بعد جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والوں کی شناخت تاحال موصول نہیں ہوئی، تاہم آخری اطلاعات تک دونوں علاقے بدستور پاکستانی فورسز کے محاصرے میں ہے۔
















































