بلوچستان کے مختلف اضلاع سے پرتشدد واقعات کے نتیجے میں نامعلوم اور مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ کے علاقے جنتری کور ندی سے ایک نامعلوم نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے، تاہم قتل کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے لورالائی ڈویژن کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم سے گزشتہ دنوں تین افراد کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئی ۔
ابتدائی تحقیقات کے بعد دو لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے، جن میں فرید ولد انور جان، ساکن دکی کلی سفر علی بلوچ، مجیب الرحمن ولد خیر محمد، ساکن لورالائی کلی زنگیوال کدیزئی شامل ہیں، جبکہ تیسری لاش کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق تینوں لاشیں انتہائی مسخ شدہ حالت میں پائی گئی ہیں، جس سے تشدد کے سنگین خدشات ظاہر ہوتے ہیں۔ لاشوں کو بھی قانونی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


















































