تحصیل تمپ اور گرد و نواح میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف انجمن تاجران تمپ کی اپیل پر شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔
ہڑتال کے دوران مالیاتی ادارے، کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور تمام دکانیں مکمل طور پر بند رہیں۔
انجمن تاجران تمپ نے پولیس اور لیویز فورس کی ناقص کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں مؤثر گشت کرنے اور جرائم کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔
تاجروں کے مطابق انتظامیہ کی نااہلی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکامی کے خلاف کل بروز ہفتہ ایک بھرپور احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں تمام مکاتبِ فکر سیاسی و سماجی تنظیموں اور عوام الناس سے بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔