گوادر: زکریا ظہیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شمع بردار ریلی

102

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں زکریا ظہیر کی یاد میں شمع بردار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، سیاسی و سماجی کارکنوں، اور لاپتہ افراد کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے زکریا کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ زکریا ظہیر لیویز فورس کے ملازم تھے اور وہ حال ہی میں جبری گمشدگی کا شکار ہوئے تھے، انہیں 27 ستمبر 2024 کو پاکستانی فورسز نے اغوا کیا تھا اور کچھ عرصہ بعد رہا کر دیا گیا تھا۔

تاہم رہائی کے بعد گذشتہ دنوں نامعلوم افراد نے انہیں گوادر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

زکریا کے قتل کے بعد سوشل سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور انصاف کی اپیل کی گئی۔

بلوچ نیشنل موومنٹ کے انسانی حقوق کے ادارے پانک نے اس قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا زکریا کا قتل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

مزید برآں گوادر شرکاء نے شمعیں روشن کرتے ہوئے زکریا اور دیگر لاپتہ و شہید افراد کی قربانیوں کو یاد کیا اور ان کے لیے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔