بلوچ لبریشن آرمی کے آفیشل چینل ہکل نے 4 اگست سے 16 ستمبر 2026 کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے پاکستانی فورسز پر کیے گئے حملوں کی 8 منٹ دورانیے کی ویڈیو شائع کی ہے۔
ویڈیو میں بلوچ لبریشن آرمی کے جنگجوؤں کو بیلہ، قلات، سوراب، مستونگ، زامران، قلعہ عبداللہ، کھڈکوچہ اور کولواہ میں پاکستانی فورسز پر جدید ہتھیاروں سے گھات لگا کر حملے کرتے اور آئی ای ڈی دھماکوں میں نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ ویڈیو میں کھڈکوچہ کے مقام پر پاکستانی فورسز کی ایک بکتر بند گاڑی کو دھماکے سے تباہ کرنے کے بعد ہیلی کاپٹر کی پرواز اور بلوچ جنگجو کی جانب سے مشین گن سے پرواز کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں فوج کی بکتر بند گاڑیوں، قافلوں اور موٹر سائیکل سوار اہلکاروں پر فائرنگ اور آئی ای ڈی دھماکوں کے ذریعے کیے گئے حملے بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے شہروں پر کنٹرول، ناکہ بندیوں اور فورسز پر مربوط حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بلوچ امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں ہونے والی پے در پے کارروائیوں سے یہ تاثر مزید گہرا ہوا ہے کہ بلوچ آزادی پسندوں کی پوزیشن مضبوط ہو رہی ہے، جبکہ پاکستانی فورسز کی گرفت کمزور پڑتی جا رہی ہے۔



















































