کوئٹہ: جبری گمشدگیوں کے خلاف وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6391ویں روز بھی جاری، غلام حیدر کی بازیابی کا مطالبہ

4

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا احتجاجی کیمپ 6391ویں روز بھی جاری رہا۔

اس دوران مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

12 مارچ کو مشرقی بائی پاس، کوئٹہ سے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے غلام حیدر کے والدین نے احتجاجی کیمپ میں شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن کے حکم پر غلام حیدر کی گمشدگی کا مقدمہ سیکیورٹی فورسز کے خلاف درج کیا گیا ہے اور پولیس نے چشم دید گواہوں کے بیانات بھی قلم بند کیے ہیں۔ اس کے باوجود انہیں اب تک غلام حیدر کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ غلام حیدر کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے غلام حیدر سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔