نوشکی: گرلز ڈگری کالج میں مسلح افراد کی فائرنگ، تین طالبات زخمی، ایک کی حالت تشویش ناک

1

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں گرلز ڈگری کالج میں فائرنگ کے ایک واقعے میں تین طالبات زخمی ہوگئیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ کالج انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ تین مسلح نقاب پوش افراد نے کالج میں داخل ہوکر مبینہ طور پر آفس میں توڑ پھوڑ کی اور بعد ازاں طالبات پر فائرنگ کردی۔

کالج انتظامیہ کے مطابق واقعہ گرلز ڈگری کالج نوشکی میں پیش آیا، جہاں تین مسلح نقاب پوش افراد نے پہلے کالج میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں اور پرنسپل کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔ اس کے بعد ملزمان نے طالبات پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تین طالبات زخمی ہوگئیں۔

واقعے کے فوری بعد زخمی طالبات کو میر گل خان نصیر ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں شامل ایک طالبہ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

زخمی طالبات کی شناخت مہمونہ اور مریم، ساکنان قاضی آباد، جبکہ رخسانہ، ساکن کلی مینگل، کے ناموں سے ہوئی ہے۔

واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔