تربت ٹیچنگ اسپتال میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملے کی جانب سے احتجاج کے ساتھ طبی خدمات کا بائیکاٹ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد سمیت پاکستان کے مختلف شہروں سے صحافیوں اور یوٹیوبرز کی تربت آمد کے موقع پر پاکستانی فورسز نے اسپتال جانے والے راستوں پر پابندیاں عائد کیں۔ اس دوران ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملے کو بھی اسپتال میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
طبی عملے کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی ڈیوٹی کے لیے اسپتال میں داخل ہونے سے روکے جانے کے بعد معمول کی طبی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں، جس کے خلاف ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے احتجاج شروع کرتے ہوئے طبی خدمات کا بائیکاٹ کردیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق ایف سی اہلکاروں نے بعض سینئر ڈاکٹرز کے ساتھ سخت اور پرتشدد رویہ اختیار کیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کچھ ڈاکٹرز پر اسلحہ تان کر انہیں دھمکیاں بھی دی گئیں۔
واقعے کے بعد پیرا میڈیکل اسٹاف اور پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے اسپتال کے احاطے میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کے رویے کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
طبی عملے کے احتجاج اور سروسز کے بائیکاٹ کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ اسپتال میں طبی خدمات کی صورتحال تاحال متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔













































