بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر سورگز کے مقام پر مسلح افراد کی ناکہ بندی کے دوران قبائلی سردار شاہ زمان خان علیزئی اور ان کے بیٹے کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب سردار شاہ زمان خان علیزئی اپنے بیٹے کے ہمراہ مستونگ سے کوئٹہ کی جانب سفر کر رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سورگز کے مقام پر کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مسلح افراد نے مبینہ طور پر ناکہ بندی کر رکھی تھی، جہاں گاڑیوں کی تلاشی کے دوران سردار شاہ زمان علیزئی اور ان کے بیٹے کو ان کی ویگو گاڑی سمیت اپنے ہمراہ لے جایا گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد سے سردار شاہ زمان علیزئی اور ان کے بیٹے کے موبائل فون بند ہیں، جس کے باعث اہل خانہ کا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔
واقعے کی سرکاری سطح پر تصدیق اور اس حوالے سے پولیس یا ضلعی انتظامیہ کا باضابطہ مؤقف سامنے آنا ابھی باقی ہے۔


















































