کوئٹہ: مسافر کوچز پر پے در پے حملے، چار مسافر جان سے گئے

76

کوئٹہ سے کراچی جانے والی السیف کوچ کمپنی کی بس پر کھڈکوچہ کے مقام پر مسلح افراد کی فائرنگ سے چار مسافر جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

السیف کمپنی کے ترجمان کے مطابق بزنس کلاس مسافر بس آج دوپہر ایک بجے کوئٹہ ایئرپورٹ روڈ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ کھڈکوچہ کے مقام پر اسے مسلح افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے مسافروں کو مستونگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ بس کو واپس کوئٹہ لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

اس سے قبل بھی اسی مقام پر ایک اور مسافر کوچ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا۔

علاوہ ازیں، ضلع قلات میں گدان ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سے تربت جانے والی المنیر مسافر کوچ پر فائرنگ کر دی۔

واقعے کے نتیجے میں شاندار گل، عمر 25 سال، سکنہ آواران، زخمی ہو گئیں۔ زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال سوراب منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مسافر کوچز پر حملے پاکستانی فورسز کی جانب سے کیے جا رہے ہیں۔ ایک ٹرانسپورٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کوئٹہ۔کراچی روٹ پر چلنے والی مسافر بسوں کے اوقاتِ کار محدود کرنے اور فوجی قافلوں کے ساتھ چلنے کی شرط نہ ماننے کے باعث یہ واقعات پیش آ رہے ہیں۔

تاہم، اب تک ان واقعات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کسی قسم کی تحقیقات یا ان کے نتائج سامنے نہیں آئے ہیں۔