تربت: ڈیٹھ اسکواڈ کا گھر پر دستی بموں سے حملہ، پانچ خواتین زخمی

43

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے خیر آباد میں جمعہ کی شب مسلح افراد نے رہائشی گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں پانچ خواتین زخمی ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق خیر آباد میں جمعدار جمند کے گھر پر ڈیتھ اسکواڈ ارکان نے دو دستی بم پھینکے، دھماکوں کے نتیجے میں پانچ خواتین زخمی ہوئیں جن میں سے دو شدید زخمی خواتین کو علاج کے لئے کراچی منتقل کیا گیا۔

ان حملوں میں ملوث افراد کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ مسلح ڈیتھ اسکواڈ سے بتایا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں “ڈیتھ اسکواڈ” کی اصطلاح اب عام ہے۔ ڈیتھ اسکواڈ سے مراد ایسے مسلح گروہ جو بیشتر اوقات عام شہریوں، سیاسی کارکنوں، انسانی حقوق کے علمبرداروں یا مزاحمت کاروں کو نشانہ بناتے ہیں۔

قوم پرست اس حوالے سے موقف رکھتے ہیں ان گروہوں کو نہ صرف حکومتی اور فوجی اداروں کی تحفظ حاصل ہوتا ہے بلکہ اکثر اوقات پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی ان کے خلاف کارروائی سے گریز کرتے ہیں۔

ان گروہوں پر قتل، اغوا، تشدد، بم حملے اور عام شہریوں کو خوفزدہ کرنے جیسے سنگین الزامات ہیں۔