بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پاکستانی فورسز کی چوکی کو مسلح افراد کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کے جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملہ نوشکی کے علاقے غریب آباد میں قائم چوکی پر کیا گیا، جہاں حملے کے دوران شدید فائرنگ اور متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں تین اہلکار ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم سرکاری سطح پر فوری طور پر جانی نقصان کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق حملے کے بعد فورسز کی مدد کے لیے روانہ ہونے والے فوجی قافلے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے کے بعد فورسز نے نوشکی بازار کو بند کر دیا۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔ مذکورہ علاقے میں بلوچ آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں ماضی میں بھی نوشکی اور گردنواح میں پاکستانی فورسز کو مسلح حملوں کا سامنا رہا ہے۔


















































