ڈیرہ بگٹی: بروقت طبی سہولیات نہ ملنے پر دورانِ زچگی خاتون جاں بحق

1

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں بروقت طبی سہولیات نہ ملنے کے باعث دورانِ زچگی ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق، ڈیرہ بگٹی کے علاقے زین کوہ میں گزشتہ شب طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث ایک خاتون دورانِ زچگی دم توڑ گئی۔

واضح رہے کہ ڈیرہ بگٹی میں گائناکالوجسٹ یا لیڈی ڈاکٹر کی عدم موجودگی کے باعث خواتین کو زچگی کے لیے تقریباً 200 کلومیٹر دور پنجاب کے علاقوں رحیم یار خان اور صادق آباد لے جانا پڑتا ہے۔ اس دوران اکثر خواتین راستے ہی میں بچوں کو جنم دے دیتی ہیں، جبکہ متعدد واقعات میں خواتین اور نومولود بچے بھی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

تین تحصیلوں پر مشتمل ضلع ڈیرہ بگٹی کی آبادی تین لاکھ سے زائد ہے، لیکن اس کے باوجود علاقے میں ہسپتالوں، اسکولوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی شدید کمی ہے۔

مادرانہ اموات کے سروے کے مطابق، پاکستان میں دورانِ زچگی اموات کی شرح بلوچستان میں سب سے زیادہ ہے۔

بلوچستان میں تربیت یافتہ طبی عملے کی نگرانی میں زچگی کی شرح صرف 38 فیصد ہے۔ غیر تربیت یافتہ طبی عملے کی موجودگی اور مناسب طبی سہولیات کی کمی بھی اموات میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔

واضح رہے کہ مادرانہ اموات کی دیگر بڑی وجوہات میں بنیادی اور اعلیٰ سطح کی طبی سہولیات کے نظام میں موجود کمزوریاں اور ہسپتالوں میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی شامل ہیں۔