بلوچستان: جمعیت علمائے اسلام کے احتجاجی مظاہرے، متعدد شاہراہیں اور اہم سڑکیں ٹریفک کے لیے بند

91

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماؤں کی گرفتاری اور نظر بندی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، پارٹی کارکنوں نے قیادت کی ہدایت پر کوئٹہ، مستونگ، سوراب، قلات، پشین اور لسبیلہ سمیت مختلف علاقوں میں شاہراہیں اور اہم سڑکیں بند کردیں، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر جبکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سونا خان کے مقام پر جمعیت علمائے اسلام کے رہنما عثمان پرکانی کی قیادت میں کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

مستونگ: ضلع مستونگ میں ضلعی امیر مولانا شبیر عثمانی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ مظاہرین نے مرکزی قیادت کی گرفتاری اور نظر بندی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔

سوراب: ضلع سوراب میں بھی جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں نے احتجاجاً شاہراہ بند کردی، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔

پشین: پشین کے علاقے خانوزئی میں قائد جمعیت کی ہدایت پر کارکنوں نے قومی شاہراہ بلاک کردی، جس سے شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

قلات: ضلع قلات میں مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مفتی محمد طیب حیدری کی قیادت میں کارکنوں نے کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ بند کردی، جس سے دونوں شہروں کے درمیان ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔

لسبیلہ: ضلع لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں صدیق اکبر چوک اور لاکھڑا موڑ پر بھی جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں نے احتجاجاً سڑکیں بند کردیں۔

مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہروں اور شاہراہوں کی بندش کے باعث بلوچستان اور کراچی کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور دیگر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگنے کا خدشہ ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کی جانب سے یہ احتجاج مرکزی قائدین کی گرفتاری اور نظر بندی کے خلاف کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر دھرنوں اور شاہراہوں کی بندش کے باعث صوبے میں ٹریفک کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔